تُو نے باطل کو مٹایا اے امام احمد رضا
دین کا ڈنکا بجایا اے امام احمد رضا
زور باطل کا، ضَلالت کا تھا جس دم ہند میں
تُو مجدِّد بن کے آیا اے امام احمد رضا
اہلِ سنّت کا چمن سر سبز تھا شاداب تھا
تازگی تُو اور لایا اے امام احمد رضا
تُو نے باطل کو مٹا کر دین کو بخشی جِلا
سنّتوں کو پھر جِلایا اے امام احمد رضا
اے امامِ اہلِ سنّت نائبِ شاہِ اُممﷺ!
کیجئے ہم پر بھی سایہ اے امام احمد رضا
علم کا چشمہ ہوا ہے مَوجزَن تحریر میں
جب قلم تُو نے اٹھایا اے امام احمد رضا
حشر تک جاری رہے گا فیض مرشِد آپ کا
فیض کا دریا بہایا اے امام احمد رضا
ہے بدرگاہِ خداﷻ عطارِؔ عاجِز کی دعا
تجھ پہ ہو رحمت کا سایہ اے امام احمد رضا

 


0 Comments

Leave a Reply

Avatar placeholder

Your email address will not be published. Required fields are marked *